24 اگست 2015 - 09:57
یمنی عوام کے لئے ایک اور ایرانی امدادی کھیپ روانہ

ایران کی طرف سے یمنی عوام کے لئے ایک اور امدادی کھیپ روانہ کی گئی ہے-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کے انسان دوستانہ اور بین الاقوامی امور کے انچارج محمد شہاب الدین محمدی عراقی نے اس سوسائٹی کی طرف سے یمنی عوام کے لئے دواؤں پر مشتمل امدادی کھیپ کے حامل ایک بحری جہاز کی روانگی کی خبر دی ہے- محمد شہاب الدین محمدی عراقی نے ارنا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس امدادی کھیپ میں ایک سو چھے ٹن دوائیں اور طبی ساز و سامان شامل ہے- انہوں نے کہا کہ امدادی کھیپ کا حامل یہ جہاز گزشتہ ہفتے کے اواخر میں ایران کے جنوب میں واقع شہید رجائی بندرگاہ سے عمان کی سلالہ بندرگاہ کی طرف روانہ ہوا تھا اور آئندہ ہفتے یہ جہاز سلالہ بندرگاہ پہنچ جائے گا- ان کا کہنا تھا کہ یہ امدادی کھیپ عالمی ریڈ کراس کمیٹی کی طرف سے کرائے کے جہازوں کے ذریعہ سلالہ بندرگاہ سے یمن ارسال کی جائے گی- ایران کی ہلال احمر سوسائٹی کے انسان دوستانہ اور بین الاقوامی امور کے انچارج محمد شہاب الدین محمدی عراقی نے کہا کہ دواؤں اور طبی سازوسامان پر مشتمل یہ امدادی کھیپ یمن کی ہلال احمر سوسائٹی اور عالمی ریڈ کراس کمیٹی کی اعلان کردہ ضروریات کے مطابق تیار کی گئی ہے- اس سے پہلے بھی ایران یمن کے مظلوم اور محاصرہ شدہ عوام کے لئے امداد کی کئی کھیپیں یمن روانہ کر چکا ہے- ان امدادی کھیپوں میں بحری جہاز "نجات" کے ذریعہ ارسال کی گئی غذا اور دواؤں کی امدادی کھیپ بھی شامل ہے- قابل ذکر ہے کہ یمن پر چھبیس مارچ سے جاری سعودی حملوں کے نتیجے میں اب تک ہزاروں یمنی شہری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں جن میں بچے اور عورتیں بھی شامل ہیں- یمن پر سعودی جارحیت کی وجہ سے یمن کے دسیوں ہزار افراد بے گھر بھی ہو گئے ہیں-

.......

/169